پی ٹی آئی سیاسی رویہ اپنائے، حکومت بھی لچک دکھائے:شازیہ مری

    اسلام آباد (یواین پی) رہنماء پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کو نقصان پہنچانے میں لگی ہوئی، سنجیدگی نظر نہیں آتی، حکومت،مظاہرین کو انتہاء درجے تک نہیں جانا چاہیے،پی ٹی آئی سیاسی رویہ اپنائے، حکومت بھی رویئے میں لچک دکھائے۔رہنماء پیپلز پارٹی شازیہ مری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم احتجاج کو جمہوری حق سمجھتے ہیں اور آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کو سپورٹ کرتے ہیں مگر پی ٹی آئی احتجاج میں نفرت نظر آ رہی ہے، احتجاج ہم نے بھی کیا مگر پی ٹی آئی نے احتجاج کر کے لوگوں کو تکلیف،املاک کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آتی، یہ ملک کو نقصان پہنچانے میں لگی ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کو سیاسی رویہ اپنانا چاہئے، پارٹی کے سنجیدہ لوگ سامنے آئیں۔