سرکاری ملازمین و پنشنرز کے شریک حیات کو 89ملین کی نقد ادائیگیوں کا انکشاف

ان ادائیگیوں سے گریڈ 18، 19اور 20کے افسران کے اہل خانہ بھی مستفید ہوئے،آڈٹ حکام
  اسلام آباد (آئی این پی )پبلک اکائونٹس کمیٹی میں سرکاری ملازمین اور پینشنرز کے شریک حیات کو 89ملین روپے کی نقد ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ۔ آڈٹ حکام کے مطابق ان ادائیگیوں سے گریڈ 18، 19اور 20کے افسران کے اہل خانہ بھی مستفید ہوئے۔پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر خان کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے شریک حیات کو 89 ملین روپے کی نقد ادائیگیوں کا انکشاف پرکمیٹی اراکین نے تشویش کا اظہار کیا اور ان افسران کے نام منظر عام پر لانے کی تجویز پیش کی۔ رکن کمیٹی ثنا اللہ مستی خیل نے طنزیہ طور پر کہا کہ ان افسران کو گولڈ میڈل دئیے جائیں۔رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستحقین کی اہلیت کے لیے عجیب و غریب فلٹرز نافذ کیے گئے ہیں، جس کے باعث اصل میں غریب خواتین متاثر ہو رہی ہیں۔ چیئرمین پی اے سی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور مکمل رپورٹ کمیٹی میں پیش کی جائے۔