پاکستان اور انڈیا کے بارڈر پر کشیدگی ہے‘ فکر کی کوئی ضرورت نہیں مریم نواز

 ساڑھے12لاکھ محنت کش خاندانوں کو راشن کارڈ  دے رہے ہیں‘، لوگوں کا قطاروں میں لگ کر راشن وغیرہ لینا مجھے اچھا نہیں لگتا :وزیراعلی
 بڑے شہروں میں سیوریج میں سیوریج اینڈ ڈرینج انفراسٹرکچر تعمیر ہوگا، شہروں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے رین واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے:وزیراعلی نے منظوری دیدی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ساڑھے12لاکھ محنت کش خاندانوں کو راشن کارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ورکرز اور کان کنوں کے لئے راشن کارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے بارڈر پر کشیدگی ہے لیکن فکر کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پاک فوج ہر خطرے کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان ، پاکستانیوں اور پاک فوج کو دشمن کا مقابلہ کرنے کی جرات عطا کی ہے۔پاکستانی عوام سے کہنا چاہتی ہوں کہ ہماری کسی بھی پارٹی سے تعلق ہو ہمیں اس موقع پر پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی دشمن حملہ کرنے سے پہلے دس بار سوچے گاکیونکہ سب جانتے ہیں پاکستان ایٹمی قوت ہے۔پاکستان کو ایٹمی قوت نوازشریف نے بنایا۔ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہونے کا کریڈٹ شہدا ء کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ محمد نوازشریف کی کوششوں کو جاتے ہیں۔ ورکرز کے لئے راشن کارڈ کا دیرینہ خواب پورا ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہونے والی ترقی مزدور کی محنت کی مرہون منت ہے۔ نئی سڑکیں، ہوائی اڈوں، ہسپتالوں اور موٹرویز بنانے کے لئے مزدور سب سے زیادہ محنت کرتا ہے۔ ملک میں ترقی مزدورں اور محنت کشوں کی وجہ سے ہورہی ہے تو اس کو ثمر بھی ملنا چاہیے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ راشن کارڈ کے ذریعے تین ہزارروپے ماہانہ ملے گا۔ خواہش اور دعا ہے کہ کسی غریب اور مزدور اور محنت کش کا بچہ خالی پیٹ نہ سوئے۔ لیبر منسٹر فیصل کھوکھر، ان کی ٹیم اور صوبائی وزیر معدنیات شیر علی گورچانی کو 40ہزار کار کنوں کے راشن کارڈ دینے پر شاباش دیتی ہوں۔ راشن کارڈپروگرام ابتدائی طور پر 50بلین روپے سالانہ سے شروع کررہے ہیں۔پوری کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ محنت کش راشن کارڈ پروگرام میں مزیدشامل ہوں‘دریں اثناء  مریم نوازشریف نے صوبے کے بڑے شہروں میں مرحلہ وار تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹس کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ پہلے مرحلے میں 59بڑے شہروں میں سیوریج اینڈ ڈرینج انفراسٹرکچر تعمیر ہوگا۔ بڑے شہروں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لئے رین واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے‘مریم نوازشریف نے پارکس میں بچوں کے لئے جھولے اور سپورٹس کی دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو پنجاب بھر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے زیرا ہتمام نئے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گلیوں کی تعمیر و مرمت اور ٹف ٹائل لگائی جائے گی۔ پہلے فیز میں شامل شہروں میں پارک بھی ڈویلپ ہونگے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کے دیہات میں بھی یکساں ڈویلپمنٹ کی ہدایت کی۔ دیہات میں ڈرینج سسٹم کی تعمیر و بحالی اور گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔ دیہات کے ہر مرکزی قبرستان میں چار دیواری اور صفائی کا اہتمام کیا جائے گا