خیبرپختونخوا کے سکولوں کی حالت سے جب تک مطمئن نہیں ہوں گے کیس نہیں نمٹا سکتے‘ تصاویر میں بچے تو نظر نہیں آرہے:جسٹس جمال ‘ ایسا کریں یہاں بھینسیں باندھ دیں:جسٹس مسرت ہلالی
وزیر اعلی سندھ کی نااہلی کیلئے درخواست خارج ‘ چیف جسٹس ہائیکورٹس کے اختیارات سے تجاوز سے متعلق کیس میں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری
اسلا م آباد (آئی ا ین پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کوئٹہ میں بچے کے اغوا کا پہلا ازخودنوٹس لے لیا، جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دئیے ایک بچے کے اغوا پر پورا صوبہ بند ہے لیکن حکومت کو فکر نہیں۔سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بینچ نے ملک بھر سے لاپتہ بچوں کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت آئینی بینچ نے کوئٹہ میں بچے کے اغوا کا بھی نوٹس لے لیا۔عدالت نے ملک بھر سے لاپتہ بچوں کے معاملے پر تمام آئی جیز اور سیکریٹری داخلہ کو طلب کرلیا اور کوئٹہ سے اغوا ہونے والے بچے کی بازیابی پر بھی رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دئیے کہ کوئٹہ میں 6 دن سے ایک اغوا شدہ بچہ نہیں ڈھونڈا جا رہا، احتجاج سے پورا کوئٹہ جام ہو چکا لیکن حکومت کو پروا نہیں ہے ‘ آئینی بنچ نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی سے متعلق درخواست خارج کر دی۔ آئینی بینچ نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں کی حالت زار پر لیے جانے والے از خود نوٹس پر سیکریٹری خزانہ کے پی، سیکریٹری ورکس اینڈ ڈیپارٹمنٹ اور سیکریٹری تعلیم کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد اب تک کتنے اسکول فعال ہو چکے ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے پی نے بتایا کہ 463 اسکول اب تک فنکشنل ہیں۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ یہ تصویریں جو لگائی ہیں بچے تو دکھا نہیں رہے اس میں۔جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ پھر ایسا کریں یہاں بھینسیں باندھ دیں، ہم سیکریٹری تعلیم کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیتے ہیں وہ آ کر بتا دیں گے کہ کتنے اسکول اب تک مکمل ہوئے ہیں‘ آئینی بینچ نے چیف جسٹس ہائیکورٹس کے اختیارات سے تجاوز سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ بینچ نے رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔