بھارت اب بند گلی میں داخل ہو چکا ، بھارت میں مائیں بچوں کو کہیں گی سو جا ورنہ پاکستان آ جائے گا ،پانی روکا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا :وفاقی وزیر اطلاعات

قومی اسمبلی   بھارت کیخلاف ساری جماعتیں ایک ہو گئیں پاکستان کیلئے سب متحد ہیں:عطاء تارڑ‘بھار ت مذاکرات یا  تباہی میں سے ایک راستہ چن لے:بلاول‘کارروائی کا سخت جوا ب دیا جائیگا:بیرسٹر گوہر
  پاکستان کیلئے جان دینے کو تیار ہیں: سحر کامران ‘ مودی بیٹا! تم نے بھارت کے منہ سے سیکولرازم کا نقاب اٹھا کر بہت اچھا کیا ہے:فاروق ستار‘ لگتا ہے  حکومت سرنڈر کرچکی ہے :عمرایوب ‘ جب بھی مشکل وقت آتاہے قوم متحد ہو جاتی ہے :اعجاز الحق
بھارت دہشتگرد ملک ہے،پاکستانی قوم نے سر جھکا کر رہنا نہیں سیکھا، ہماری افواج ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں،مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، بھارت کو کشمیریوں پر مظالم بند کرنا پڑیں گے:بلاول بھٹو

ا سلام آباد(آئی این پی‘آن لائن  )قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پورا ایوان یک زبان ہوگیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا  انڈیا اور پاکستان دونوں ہمسائے ہیں، بار بار جنگ کی بات نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی جنگیں ہوئیں لیکن انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف کچھ نہیں ہوا ۔ اس دفعہ پہلی بار مودی نے معاہدہ ختم کیا ۔ پاکستان اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے۔ بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا ۔پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران کا کہنا تھا کہ آج شہید ذوالفقار علی بھٹو یاد آرہے ہیں جنہوں نے جان دے کر ایٹم بم بنایا ۔ آج بھارت ایٹم بم کی وجہ سے پاکستان کی طرف نہیں بڑھ پا رہا ہے ۔ آج پاکستان کی ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی فاروق ستار  نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی کا بیانیہ زمیں بوس ہورہا ہے ۔ دنیا اب جاگ رہی ہے ۔ مودی جیسا مائنڈ سیٹ ہی تھا، جس نے پاکستان بننے کی راہ ہموار کی ۔ بھارت کا اپنا انٹیلی جنس ناکام ہے۔ اب تک کوئی سراغ، کوئی ثبوت نہیں مل سکا ۔ صرف پاکستان فوبیا ہے جو مودی کے سر پر سوار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بنگالی بھائیوں نے مودی کے آلہ کار کو اٹھا کر پھینک دیا۔انہوں نے کہا کہ تم نے اپنے سیکولرازم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ مودی بیٹا تم نے بھارت کے منہ سے سیکولرازم کا نقاب اٹھا کر بہت اچھا کیا ہے۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  وزیر اعظم سمیت وزرا کی 22 سیٹیں خالی ہیں۔ یہ حکومت کی سنجیدگی ہے۔ پی پی پی کی قیادت موجود ہے، اپوزیشن موجود ہے  مگر مسلم لیگ ن ایوان سے غائب ہے۔ حکومتی رویے سے لگتا ہے کہ حکومت سرنڈر کرچکی ہے ۔ مسلم لیگ ن بھاگنا چاہ رہی ہے۔اعجاز الحق نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی مشکل وقت آتاہے قوم اختلافات بھلا کر متحد ہو جاتی ہے۔ جو بات عمر ایوب خان نے کی اس سے اتفاق کرتا ہوں۔ حکومت تھوڑی سی ایوان پر توجہ دے، وزرا ایوان میں آئیں۔ مودی کے مائنڈ سیٹ نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔ بھارتی وزیراعظم نے گجرات میں ہولوکاسٹ کیا۔ وقت آئے گا جب پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات  عطا تارڑ نے  قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا  آج ہمیں اپنے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، کیونکہ بات پاکستان کی ہے اور پاکستان کیلئے ہم سب ایک ہیں،  دشمن حملہ کرنے کی تاک میں ہے مگر وہ بدنیت، بداخلاق اور بے وقوف ہے،اگرپانی روکا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، اگر ہمت ہے تو شوق پورا کرلیں ،بھارت اب بند گلی میں داخل ہو چکا ہے اور ایک دن ایسا آئے گا کہ بھارت میں مائیں بچوں کو سونے کے لیے کہیں گی کہ سو جائو، پاکستان آ جائے گا۔  ملک کی سالمیت سیاست سے بالاتر ہے اور دفاعی معاملات کو سیاسی اختلافات سے جوڑنا دشمن کے بیانیے کو تقویت دینا ہے۔ عطاتارڑ نے کہا  آپس کے اختلافات سیاسی ہیں،ان کادفاعی،خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں، ملکی سالمیت پربھی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے بازنہیں آتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن حملہ کرنے کی تاک میں ہے مگر وہ بدنیت، بداخلاق اور بے وقوف ہے۔پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے  بھارت دہشت گرد ملک ہے۔ اسے حالیہ صورت حال میں ڈائیلاگ یا تباہی میں سے ایک راستہ چننا ہوگا۔ پاکستان نے بھارت سمیت  دنیا پر واضح کردیا  ہے کپہلگام واقعے کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔  بھارت اپنی نااہلی کا ذمے  دار پاکستان کو ٹھہرا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے سر جھکا کر رہنا نہیں سیکھا۔ پاکستان جدوجہد سے قائم ہوا اور پاکستانی قوم کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں  خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے۔ بھارت کو کشمیریوں پر مظالم بند کرنا پڑیں گے۔