پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز سمیت پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا۔
ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ احسن رضا، شرفدولہ، آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی، ناصر حسین اور وین نائٹس امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ٹرائی سیریز کے فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائرز جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے۔ٹیسٹ سیریز میں آئی سی سی ایمرجنگ ریفری ڈین کوسکر میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور راولپنڈی میں بطور ٹیسٹ ریفری ڈیبیو کریں گے۔ روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 سیریز کے لیے علی نقوی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔پاکستان اور سری لنکا کی ٹی20 سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوگی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز 9 سے 21 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔