102 سالہ سابق فوجی سے وعدہ نبھانے کیلئے شہزادہ ہیری نے طیارے سے چھلانگ لگادی

لاہور(نیٹ نیوز )برطانوی شہزادہ ہیری نے کینیڈا میں ایک فلاحی مہم کے دوران اسکائی ڈائیونگ کرکے ایک 102 سالہ سابق فوجی سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا۔ ڈیوک آف سسیکس نے یہ چیلنج کینیڈا کی عسکری برادری کے لیے کام کرنے والے اداروں کی حمایت اور ان کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی مہم کے تحت قبول کیا۔ٹورنٹو کے قریب ہونے والی اس اسکائی ڈائیونگ سے پہلے ہیری کی سابق فوجی ایڈ مارشل سے ملاقات گزشتہ نومبر میں ہوئی تھی۔ دونوں کی ملاقات ٹورنٹو کے سنی بروک اسپتال میں قائم سابق فوجیوں کے مرکز کے دورے کے دوران ہوئی، جہاں عسکری پس منظر اور سابق فوجیوں کی مدد کے مشترکہ جذبے نے دونوں کو قریب کیا۔اسی ملاقات کے بعد دونوں نے مل کر اسکائی ڈائیونگ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن طبی معائنے کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ 102 سال کی عمر کے باعث مارشل کے لیے خود چھلانگ لگانا محفوظ نہیں ہوگا۔ اس صورت حال میں ان کے پوتے بیلی نے دادا کی جگہ یہ چیلنج قبول کیا۔مارشل خود بھی اس موقع پر طیارے میں موجود رہے۔ انہوں نے ہیری اور اپنے پوتے بیلی کے ساتھ پرواز کی اور دونوں کو طیارے سے چھلانگ لگا کر اسکائی ڈائیونگ مکمل کرتے ہوئے دیکھا۔زمین پر بحفاظت اترنے کے بعد شہزادہ ہیری نے کہا کہ ایسا کوئی موقع نہیں جہاں وہ 102 سالہ سابق فوجی کو مایوس کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ مارشل اس چیلنج کے لیے بہت پرجوش تھے۔