21سالہ لڑکی کی شادی15روز قبل ہوئی تھی جو کزنز کے ہمراہ دریائے سندھ کے کنارے سیر کے لیے گئی تھی
بھکر (آئی ا ین پی)21سالہ دلہن نے اپنے کمسن کزنز کو بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگادی، تاہم تینوں بے رحم لہروں کی نذر ہوکر جاں بحق ہو گئے۔بھکر میں دریائے سندھ کے کنارے سیر کو جانے والے ایک خاندان کی خوشیاں چند لمحوں میں ماتم میں بدل گئیں ۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مہمان 21سالہ شادی شدہ لڑکی اپنے 2کمسن کزنز کے ہمراہ دریائے سندھ کے قریب سیر کے لیے گئی، جہاں 6سالہ اور 13سالہ بچیوں کے پانی میں ڈوبنے پر اس نے بچانے کی کوشش کی، تاہم تینوں زندگی کی بازی ہار گئیں۔پولیس کے مطابق 21سالہ لڑکی کی شادی صرف 15روز قبل ہوئی تھی اور وہ اپنے شوہر لعل شاہ کے ساتھ رشتے داروں سے ملنے آئی تھی۔میزبان تقی شاہ کی دونوں کمسن بیٹیاں بھی ان کے ساتھ دریائے سندھ کے کنارے گئیں اور سیر کے دوران اچانک حادثہ پیش آیا اور تینوں دریا کی لہروں کا شکار بن گئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ دونوں چھوٹی بچیوں کی نماز جنازہ جھوک جنڈو میں ادا کی گئی جب کہ 21سالہ شادی شدہ لڑکی کی نماز جنازہ کاٹھانوالہ میں ادا کی گئی۔