عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں دوبارہ اضافہ

عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں دوبارہ اضافہ

عالمی مارکیٹ میں پیر کو شدید گراوٹ کے بعد سونے کی قیمت منگل کو دوبارہ بڑھ گئی، تاہم سرمایہ کاروں کی توجہ امریکی ٹریژری بانڈز کی پیداوار اور امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ پالیسی پر مرکوز ہے۔

رپورٹس کے مطابق منگل کو سونے کی قیمت میں 0.6 فیصد تک اضافہ ہوا، جس کے بعد بلین کی قیمت 4 ہزار 140 ڈالر فی اونس سے تجاوز کرگئی۔ ایک روز قبل سونے کی قیمت میں تقریباً 4 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور قیمت 7 ہفتوں سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈز کی پیداوار 5.23 فیصد کی سطح پر برقرار رہی۔ پیر کو بانڈز کی پیداوار میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور یہ 19 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔امریکی بانڈز کی پیداوار میں اضافے اور افراطِ زر پر قابو پانے کے لیے فیڈرل ریزرو کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی برقرار رہنے کی توقع نے سونے کی قیمت پر دباؤ ڈالا ہے۔

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی پیش رفت کی امیدیں کم ہونے کے بعد عالمی منڈیوں میں بے یقینی میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر سونے سمیت محفوظ سمجھے جانے والے اثاثوں کی جانب مرکوز ہوئی ہے۔عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باوجود سرمایہ کار امریکی شرح سود، بانڈز کی پیداوار اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت کو مستقبل میں سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل قرار دے رہے ہیں۔