امریکا، ایران کشیدگی میں وقفہ، عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 4,100 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی

امریکا، ایران کشیدگی میں وقفہ، عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 4,100 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی

امریکا اور ایران کے درمیان ہفتے کے اختتام پر فوجی کشیدگی میں آنے والے وقفے کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق ایک موقع پر سونے کی قیمت میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی اونس قیمت 4,100 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف تقریباً دو ہفتوں سے جاری حملوں کا سلسلہ بغیر کسی باضابطہ اعلان کے روک دیا، جبکہ ایران نے بھی جوابی کارروائی سے گریز کا اشارہ دیا ہے۔دریں اثنا، ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کے اہم معاملے پر مذاکرات بھی ہوئے، جس سے تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور مہنگائی کے خدشات میں کمی آئی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جغرافیائی کشیدگی میں وقتی کمی کے باوجود سرمایہ کاروں نے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کو ترجیح دی، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید مضبوط ہوئی۔