حرمین شریفین کا دفاع ‘ سعودی عرب کیساتھ کھڑے ہیں:علامہ طاہر اشرفی

سعودی  اوریمن حکومت کو اپنے عوام، سرزمین  کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کا حق حاصل ہے
فکری دہشت گردی عملی دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے:مدینہ میں عالمی کانفرنس سے خطاب
 مدینہ منورہ(آئی این پی )    پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی  نے کہا ہے کہ ہم ارضِ حرمین شریفین کے امن، استحکام اور دفاع کیلئے ہم مملکت سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں،  فکری دہشت گردی عملی دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے، اسلام اور جہاد کے نام پرنوجوانوں کو گمراہ کرنے والی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، اسلام امن اور انسانی حرمت کا دین ہے، بے گناہ انسانوں کے قتل کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔علامہ طاہر اشرفی نے جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فکری دہشت گردی عملی دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے،  فکری دہشت گردی کے سدباب کیلئے علما، مشائخ،جامعات، مدارس،مذہبی قوتوں،حکومتوں کو ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اسلام اور جہاد کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کرنے والی قوتوں کا بلاخوف و مصلحت فکری مقابلہ کرنا ہوگا،  مسلم نوجوانوں کو اسلام اورجہاد کے نام پر گمراہ کرنے والوں نے مسلم دنیا کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔