پنجاب اور اندرون سندھ دھرنے پھیلنا شروع ہوگئے، کل کوئٹہ میں دھرنا شروع ہوگا، حکمران ٹولہ اور بیوروکریسی عوام کے مسائل کی طرف توجہ دینے کو تیار نہیں
حکومت کو ہر صورت عوام کو ریلیف دینا اور پٹرولیم لیوی سمیت عوام پر عائد ناجائز ٹیکس ختم کرنا ہوں گے، اب یہ تحریک رکنے والی نہیں:لاہور میں خطاب
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا ہے عوامی احتجاج اب محض دھرنوں تک محدود نہیں رہے گا، 3 ستمبر کو ملک گیر تاریخی ہڑتال ہوگی اور اس کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ کی کال بھی دی جائے گی۔ حکومت کو ہر صورت عوام کو ریلیف دینا اور پٹرولیم لیوی سمیت عوام پر عائد ناجائز ٹیکس ختم کرنا ہوں گے، اب یہ تحریک رکنے والی نہیں۔لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے 13ویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قوم شدید مشکلات سے دوچار ہے، حکمران ٹولہ اور بیوروکریسی عوام کے مسائل کی طرف توجہ دینے کو تیار نہیں۔ لاہور، پشاور اور کراچی میں دھرنے جاری ہیں جبکہ پنجاب کے سینکڑوں مقامات پر احتجاجی کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد اور اندرون سندھ میں بھی دھرنے اور احتجاجی کیمپ شروع ہو چکے ہیں‘انہوں نے کہا آج رات فیصل آباد میں بڑا جلسہ ہوگا، 30 اگست کو راولپنڈی میں تاریخی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جبکہ 31 اگست کو پشاور کا دھرنا بھی جلسہ عام میں تبدیل ہوجائے گا۔ یکم ستمبر جو کراچی کے دھرنے کو بھی بڑے جلسہ عام میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ سوات میں بھی جلسہ عام ہوگا۔ کوئٹہ میں کل سے دھرنے کا آغاز کیا جا رہا ہے جہاں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی جائے گی۔