مخصوص ریلوے سٹیشنز پر آن لائن بکنگ بند

مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث متعدد ٹرینوں کے روٹس اور بکنگ نظام میں تبدیلیاں کردی گئیں 
لاہور (خصوصی رپورٹ) ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس میں تبدیلی کرتے ہوئے مخصوص ریلوے سٹیشنز پر ایڈوانس اور آن لائن بکنگ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ایکسپریس کے لیے علی پور چٹھہ، حافظ آباد، سانگلہ ہل، چک جھمرہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، شورکوٹ اور عبدالحکیم سٹیشنز پر بکنگ بند کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ملت ایکسپریس کے دنگہ، لالہ موسیٰ، منڈی بہا ئوالدین، ملکوال، سرگودھا، چینوٹ، فیصل آباد، گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سٹیشنز پر بھی بکنگ معطل رہے گی۔اسی طرح رحمان بابا ایکسپریس کے لیے علی پور چٹھہ، حافظ آباد، سانگلہ ہل، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ ہزارہ ایکسپریس کے لیے دنگہ، منڈی بہا ئوالدین، ملکوال، سرگودھا، جھنگ اور شورکوٹ سٹیشنز پر بکنگ بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق یہ اقدامات مسافروں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں اور صورتحال بہتر ہوتے ہی متاثرہ سٹیشنز پر بکنگ بحال کر دی جائے گی۔