نوجوان قتل، ماں صدمے سے چل بسی

ملزموں نے تنویر کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، ماں کو اطلاع ملی تو وہ بھی چل بسی ، اکٹھے جنازے اٹھنے پر کہرام 
کھڈیاں خاص،قصور(خصوصی رپورٹ)قصور کے علاقہ کھڈیاں خاص کے نواحی گائوں چورکوٹ میں معمولی جھگڑے پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا گیا، بیٹے کی موت کی خبر سن کر ماں بھی صدمے سے چل بسی۔مقتول تنویر کا رفیق وغیرہ کے ساتھ معمولی لڑائی جھگڑا ہوا جو رفع دفع ہوگیا۔ بعدازاں شام کو ملزموں حسنین ڈوگر،جاوید،علی رضا، محمد علی، طاہر عرف طاہری وغیرہ نے دوبارہ جھگڑا شروع کیااور طیش میں آکر 30 سالہ تنویر کوموت کے گھاٹ اتار دیا۔ جب قتل کی اطلاع مقتول کی ماں کو ملی تو وہ بھی غم سے نڈھال ہوکر داغ مفارقت دے گئی۔ ماں بیٹے کے اکٹھے جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا۔ پولیس تھانہ کھڈیاں نے مقتول کے بھائی نیاز حسین شاہ کی مدعیت میں ملزموں حسنین ڈوگر وغیرہ 6 نامزد اور تین نامعلوم کیخلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔