ننکانہ : گندم کی فصل میں آگ لگ گئی،مالک صدمے سے چل بسا

آگ ٹرانسفارمر سے نکلی چنگاری سے لگی ،ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل کھیت کامالک ذوالفقار ہارٹ اٹیک کاشکارہوگیا
عارف والا میں ملزمان نے ذاتی دشمنی پر بیوہ خاتون کے گندم کے کھیت کو آگ لگادی،چارکنال پرکھڑی فصل خاکستر  
    ننکانہ صاحب؍عارف والا(آئی این پی)ننکانہ صاحب میں گندم کی فصل میں آگ لگنے کے بعد مالک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ذرائع کے مطابق ننکانہ صاحب کے گائوں کوٹ منصب کے قریب گندم کی فصل میں آگ لگنے سے مالک دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹرانسفارمر سے چنگاری نکلنے سے گندم کی فصل کو آگ لگی، جس کے بعد ریسکیوعملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی کھیتوں کا مالک 40سالہ ذوالفقار دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔دوسری جانب عارف والا کے نواحی گائوں339ای بی میں ملزمان نے ذاتی دشمنی پر بیوہ خاتون کے گندم کے کھیت کو آگ لگادی۔ ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے 4کنال گندم کی فصل جل کر خاکستر ہوگئی۔متاثرہ خاتون نے ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے تھانہ صدر میں درخواست گزار دی۔