غیر ملکیوں کی سکیورٹی کیلئے ایس پی یو کی تشکیل نو کا فیصلہ

آئی جی کا ایس پی یو ہیڈکوارٹرز مناواں کا دورہ، سکیورٹی سسٹمز پر بریفنگ
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے غیر ملکی باشندوں اور سیاحوں کی سکیورٹی کے پیش نظر سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ریجنل دفاتر کے قیام، جدید تربیتی ماڈیولز اور لاجسٹکس کی فراہمی سے یونٹ کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی یو ہیڈکوارٹرز مناواں کا دورہ کیا۔ڈی آئی جی ایس پی یو نے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی مانیٹرنگ سسٹمز پر بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ریجنل سطح پر ایس پی یو کی تنظیم نو کے لیے سفارشات پر مبنی ڈرافٹ تیار کرنے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی۔مزید برآں آئی جی پنجاب نے ایس پی یو اہلکاروں کے لیے سروس سٹرکچر اور پروموشن روڈمیپ بنانے کی ہدایت جاری کی، تاکہ یونٹ کے اہلکار ضلعی پولیس میں شمولیت کے بعد اگلے عہدوں پر ترقی کے اہل بن سکیں۔انہوں نے لدھیکی میں زیر تعمیر ایس پی یو ہیڈکوارٹر کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔