پشاور:(نیٹ نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی کے جلسے کو فلاپ ترین قرار دے دیا۔خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھی جلسے کا بائیکاٹ کر دیا۔اْنہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کی تحریک میں عبرتناک ناکامی کی طرح خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی والے جلسہ کرنے میں بھی ناکام ہوگئے ہیں ، کہا تھا کہ پی ٹی آئی اب صرف تاریخ دے گی، تحریک نہیں چلا سکے گی۔وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے ’آپریشن سندور‘ کی طرح پی ٹی آئی کا ’ آپریشن فساد‘ بھی راکھ بن چکا ہے، پی ٹی آئی کے لیڈر بانی کی رہائی کے بجائے اپنے اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں، فساد اور ملک دشمنی کی سوچ کو عوام نے اپنے اتحاد سے دفن کر دیا ہے۔امیر مقام نے کہا کہ سیلاب کے دوران خیبر پختونخوا کے عوام کو بھول جانے والوں نے اربوں روپے ناکام جلسے پر لگا دیے، پی ٹی آئی کی حکومت کی طرح اس کے جلسے بھی ناکام ہی رہیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی ملک اور بیرون ملک کامیابیوں سے پی ٹی آئی کارکنان اور پاکستان کے دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔