فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج فیصل آباد کا دورہ کریں گی، جہاں وہ شہر کے پہلے سرکاری بس سسٹم کا افتتاح کریں گی۔
اس موقع پر وہ 30 جدید ترین الیکٹروبسوں کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کریں گی۔فیصل آباد کے عوام پہلی بار الیکٹرک بس سروس سے مستفید ہوں گے، جس پر شہری صرف 20 روپے میں شہر کے مختلف مقامات تک سفر کر سکیں گے۔اس جدید سہولت سے بزرگوں، خواتین اور طلبہ کو مفت سفر کی سہولت حاصل ہوگی، جبکہ خصوصی افراد کے لیے مکمل طور پر مفت سفر کی سہولت رکھی گئی ہے۔
ایئر کنڈیشنڈ الیکٹروبسوں میں مسافروں کے لیے وائی فائی اور موبائل چارچنگ پورٹس کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ خواتین کے محفوظ سفر کے لیے علیحدہ کمپارٹمنٹ مختص کیا گیا ہے۔عوام میں فیصل آباد کی پہلی الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور شہری اسے شہر کی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک انقلابی قدم قرار دے رہے ہیں۔