دکانداروں کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ مہم کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی
لاہور (خصوصی رپورٹ ) صوبہ پنجاب میں دکانوں کے باہر سامان رکھنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) نے صوبے بھر کے دکانداروں کو خبردار کیا ہے کہ دکان کے باہر کسی بھی قسم کا ڈسپلے مکمل طور پر ممنوع ہو گا، اس پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی دکان کے شٹر سے باہر سامان رکھنے والے دکانداروں کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ مہم کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔متعلقہ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں دکانیں سیل کردی جائیں گی، اس کے ساتھ ناصرف بھاری جرمانے عائد ہوں گے بلکہ گرفتاری بھی ممکن ہے، اس معاملے میں کوئی سیاسی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا، مداخلت کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، اتھارٹی نے تمام دکانداروں کو وارننگ جاری کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری خود لیں کیوں کہ بعد میں کسی قسم کی شنوائی نہیں ہوگی۔