60 ہزار 275 افراد کو 15کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے

سموگ کریک ڈاؤن ، 1642 مقدمات درج کیے گئے ، 1571 قانون شکن گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سموگ سے پاک صوبہ پنجاب ویڑن کے تحت پنجاب پولیس کی جانب سے سموگ، فضائی آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں انسدادِ سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 14 مقدمات درج کیے گئے جبکہ متعدد قانون شکن گرفتار کیے گئے۔ اس دوران 115 افراد کو 10 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور 53 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔فصلوں کی باقیات جلانے کی 13، زیادہ دھواں چھوڑنے والی  گاڑیوں کی 86، صنعتی سرگرمیوں کی 5 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 10 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں انسدادِ سموگ کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 1642 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 1571 قانون شکن گرفتار کیے گئے۔ اس دوران 60 ہزار 275 افراد کو 15کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور 15 ہزار 806 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔مزید برآں، فصلوں کی باقیات جلانے کی 500، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 55 ہزار 763، صنعتی سرگرمیوں کی 1599 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 3185 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز، زرعی مقامات اور دیگر علاقوں میں انسدادِ سموگ کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔