گیس کمپنیوں نے مالی سال 2025-26 کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھانے کی درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔
اوگرا ان درخواستوں پر 7 اور 11 نومبر کو سماعت کرے گا۔سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 189 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے 125 روپے 41 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے۔ اس طرح، سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت 1955 روپے 50 پیسے اور سوئی سدرن نے 1658 روپے 56 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست دی ہے۔
مالی سال 2025-26 کے لیے، سوئی ناردرن کا مالی ضروریات کا تخمینہ 52 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد ہے، جبکہ سوئی سدرن کا یہی تخمینہ 24 ارب روپے سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ، سوئی ناردرن نے ایل پی جی ایئرمکس منصوبے کی سبسڈی کی مد میں 58 کروڑ 20 لاکھ روپے کے شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے، اور سوئی سدرن نے پچھلے سالوں کے خسارے کی مد میں 34 ارب 25 کروڑ روپے وصولی کی درخواست بھی دی ہے۔