بورے والا کی زرعی یونیورسٹی میں جنسی اسکینڈل، پروفیسر کو گرفتار کیا گیا

بورے والا کی زرعی یونیورسٹی میں جنسی اسکینڈل، پروفیسر کو گرفتار کیا گیا

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد بورے والا کیمپس میں جنسی اسکینڈل کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

 ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) وہاڑی محمد افضل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہے۔ پولیس نے اسکینڈل میں ملوث پروفیسر یحییٰ خان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق، مقدمہ سب انسپکٹر دلشاد کی مدعیت میں تھانہ شیخ فاضل میں درج کیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں پانچ مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں، جن میں دفعہ 509، 292، 293، 294، اور 354 شامل ہیں۔ ان دفعات کے تحت پروفیسر یحییٰ خان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جن میں جنسی ہراسانی، نازیبا حرکات، اور دیگر الزامات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل ہی یونیورسٹی کے بورے والا کیمپس میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں پروفیسر یحییٰ خان طالبہ کو نازیبا اشارہ کرتے اور جنسی ہراسانی کے مرتکب ہونے کی باتیں کی گئی تھیں۔ اس ویڈیو میں پروفیسر یحییٰ خان طالبہ سے گفتگو کے دوران کہہ رہا تھا کہ "پیپرز میں 2 نمبر اضافی لگانے پر مجھے کیا دو گی؟"۔یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ طالبہ نے 31 اکتوبر کو تحریری شکایت دی تھی۔ یونیورسٹی نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے پروفیسر کو معطل کر دیا ہے اور ان کا داخلہ بھی بند کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر کے پاس حراسانی کمیٹی اس معاملے کی انکوائری کر رہی ہے، تاہم تاحال حتمی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔