چیک کیا جائے پانی کی سطح زیر زمین کم تو نہیں ہورہی :جسٹس شاہد کریم
سموگ تدارک کیس کی آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی تدارک کیس میں آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور ناصر باغ کا اصل ڈیزائن برقرار رکھنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ چیک کیا جائے پانی کی سطح زیر زمین کم تو نہیں ہورہی۔دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ کیا پی ایچ اے کو درختوں کی کٹائی کا پتہ ہے ؟،عدالت میں بار بار یقین دہانیوں کے باوجود درخت کاٹے جاتے ہیں، حکومت بھی کہہ رہی ہے درخت نہیں کاٹنے،ناصر باغ کی ایک تاریخی حیثیت ہے، میرے پاس درخت کاٹنے کی تصاویر آئی ہیں ، نیلا گنبد کے قریب پارکنگ پلازہ بنانا اچھا اقدام ہے، پارکنگ کے ایشوز سارے شہر میں موجود ہیں، پارکنگ بننی چاہئے۔ وکیل ایل ڈی اے نے مؤقف اپنایا کہ 1300 واٹر میٹر خرید کر تنصیب کا عمل شروع کر دیا ،جوہر ٹاؤن میں 250 میٹرز لگائے ہیں ، ناصر باغ کی انڈر گراؤنڈ پارکنگ بنانے کا منصوبہ ہے، سات بڑے درخت شفٹ کئے جائیں گے ، عدالتی احکامات کے بعد درخت پلانٹ ماہر ہائر کیا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ اچھی بات ہے ،ہائیکورٹ میں بڑے درخت ہیں، ناصر باغ تاریخی ورثہ ہے اس کو نقصان نہیں ہونا چاہئے،پنجاب یونیورسٹی سمیت تمام سرکاری اداروں کی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کریں۔ ممبر کمیشن نے بتایا کہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے بچوں لانے لے جانے کیلئے بسوں کے معاملے پر بات ہوئی ہے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اپنایا کہ حکومت بسوں کے معاملے پر کام کر رہی ہے۔