باجوڑ:پی ٹی آئی ایم پی اے کے گھر پر بم دھماکا،ایک زخمی

نامعلوم افراد نے احاطے میں بم نصب کیا، ممبر اسمبلی انور زیب موجود نہ تھے
مکان کاجزوی نقصان ،عمارتو ں کے شیشے ٹوٹے، وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور(خصوصی رپورٹ )خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے راغگان میں پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی انور زیب خان کی رہائشگاہ پر بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دھماکا جمعرات و جمعہ کی درمیانی رات اس وقت ہوا جب نامعلوم افراد نے ایم پی اے انور زیب خان کے گھر کے احاطے میں بم نصب کیا،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، واقعے کے وقت ایم پی اے انور زیب گھر میں موجود نہیں تھے۔ دھماکے سے گھر کے بیرونی حصے کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔انور زیب نے کہا یہ حملہ سیاسی انتقام یا علاقے میں جاری بدامنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، ایسے واقعات عوام میں عدم تحفظ پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کر دی، اور آئی جی پولیس سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی شخص کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔