باجوڑ، پی ٹی آئی ایم پی اے انور زیب کے گھر پر بم دھماکہ،ایک شخص زخمی

ایم پی اے گھر میں موجود نہیں تھے، گھر کے بیرونی حصے کو جزوی نقصان پہنچا
 یہ حملہ سیاسی انتقام یا علاقے میں جاری بدامنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے: انور زیب خان
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا کی کے ضلع باجوڑ کی  تحصیل خار کے علاقے راغگان میں  پی ٹی آئی  کے سابق صوبائی وزیر اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی  انور زیب خان کی رہائشگاہ پر بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ جمعرات  و جمعہ کی درمیانی   رات اس وقت ہوا جب نامعلوم افراد نے ایم پی اے انور زیب خان کے گھر کے احاطے میں بم نصب کیا۔ زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت ایم پی اے انور زیب خان گھر میں موجود نہیں تھے۔ دھماکے سے گھر کے بیرونی حصے کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ایم پی اے انور زیب خان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ سیاسی انتقام یا علاقے میں جاری بدامنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات عوام میں عدم تحفظ پیدا کرنے کی کوشش ہیں، تاہم وہ اپنے موقف اور عوامی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے