پنجاب اسمبلی:6نومنتخب ارکان کاحلف ،اپوزیشن کا احتجاج ، نعرے

 حکومتی چیف وہِپ رانا ارشد کی کورم کی نشاندہی ، اجلاس ملتوی کرناپڑا
لاہور (خصوصی رپورٹ)اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گیا پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ 47 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا۔ آغاز میں ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے 6 نومنتخب ارکان میاں سلطان رانجھا، علی حیدر نور نیازی، آزاد علی تبسم، طاہر پرویز، احمد شہریار اور محمد حنیف نے حلف اٹھایا۔حلف برداری کے دوران ایوان میں شدید ڈیسک بجائیاور نعرے بازی کی گئی۔ ’’شیر آیا شیر آیا‘‘ اور ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے مسلسل گونجتے رہے جبکہ مہمان گیلری میں موجود کارکن بھی نعرے بازی میں شامل ہوگئے، جس پر سپیکر نے شور شرابے کے باعث کارروائی عارضی طور پر روک دی۔اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو نو منتخب ارکان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 نومبر کے ضمنی انتخابات میں عوام نے پرتشدد سیاست کو مکمل طور پر رد کردیا ہے۔ انہوں نے نواز شریف، شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ٹکٹ دینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مریم نواز کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت عوام نے ن لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ہنگامہ تب شدت اختیار کر گیا جب حکومتی چیف وہِپ رانا محمد ارشد نے کورم کی نشاندہی کر دی، جسے اپوزیشن نے ’’گھبراہٹ‘‘ اور ’’اجلاس سبوتاڑ کرنے کی کوشش‘‘ قرار دے کر شدید احتجاج کیا۔ صورتحال سنگین ہونے پر اپوزیشن نے واک آؤٹ کر دیا۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ کے بعد کورم پورا نہ ہو سکا، جس پر پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔