ٹریفک ایکٹ میں 20ترامیم بار بار چالان پر گاڑی نیلام
کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی مالک کو 6ماہ تک قید ،سرکاری گاڑیوں کو بھاری جرمانہ ہوگا، چھت پر سواریاں بٹھانے والی بسوں کیخلاف کریک ڈائون ،حادثات میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو دیت فوری طور پر فراہم کرنے پر اتفاق،
لاہور(کرائم رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت بڑھتے ٹریفک مسائل پر اجلاس ہوا جس میں ٹریفک کے جدید نظام کی منصوبہ بندی،روڈ سیفٹی اور نظم و نسق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ہیلمٹ،چھتوں پر سواریاں بٹھانے اوردیگرخلاف ورزیوں پرچالان کی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا پنجاب میں 60 سالہ پرانے ٹریفک ایکٹ میں 20 بڑی اصلاحات/ترامیم لائی گئی ہیں۔ کسی بھی گاڑی کا بار بار چالان ہوگا تو گاڑی نیلام ہوگی۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری گاڑیوں کو بھاری جرمانہ ہوگا۔ اس موقع پر ون وے کی خلاف ورزی ختم کرنے کے لیے 30 دن کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یوٹرن کی ری ماڈلنگ سے سڑکیں محفوظ بنائی جائیں گی۔ اجلاس میں حادثات میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو دیت فوری طور پر فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا مناسب پارکنگ نہیں ہوگی تو میرج ہال بھی نہیں ہوگا،میرج ہال کو پارکنگ کا انتظام کرنا ہوگا۔ کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ ختم کرنے کے لیے کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا۔ انڈر ایج ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی مالک کو 6ماہ تک قید ہوسکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں چھت پر سواریاں بٹھانے والی بسوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں ٹریفک کی بہتری اور شہری حفاظت کے لیے لاہور کی پانچ ماڈل سڑکوں پر چنگ چی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنا کافیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور میں ٹریفک کی صورتحال میں بہتری کے لیے 30 دن کی فیصلہ کن ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔ انہوں نے کہا دوسرے شہر جانے والی گاڑی کو تیز رفتاری سے جلد پہنچنے پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔لاہورسمیت تمام شہروں میں ٹریفک کے معاملات کو بہتر کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکوئی امتیاز نہ رکھاجائے، خلاف ورزی پر ہر شخص کو جرمانہ دینا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ٹریفک پولیس کو آخری چانس دے رہی ہوں،اگلا موقع نہیں ملے گا،نہ کرسکے تو نیا ڈیپارٹمنٹ بنانا پڑے گا۔ ہر چیز ٹھیک کردی مگر ٹریفک کا برا حال ہے۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اورمسلسل بے ہنگم ٹریفک ریاستی رٹ کمزور ہونے کے مترادف ہے۔