نیلا گنبد برسوں بعد اصل حالت میں سامنے آ گیا

62 دکانیں اور 9 گھر مسمار ، ملٹی لیول پارکنگ پلازہ کی تعمیر جاری 
لاہور (کرائم رپورٹر)نیلا گنبد،صدیوں پرانا مغلیہ دور کا وہ تاریخی ورثہ، جو دکانوں اور رہائشی عمارتوں کے درمیان چھپ کر رہ گیا تھا،اب برسوں بعد اپنی اصل حالت میں دوبارہ سامنے آ رہا ہے۔62 دکانیں اور 9 گھر مسمار کیے جانے کے بعد یہ قدیم گنبد پہلی بار مکمل طور پر واضح ہوا ہے۔نیلا گنبد میں زیرِ زمین ملٹی لیول پارکنگ پلازہ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔سولہ کنال رقبے پر بننے والا یہ منصوبہ تین زیرِ زمین بیسمنٹ لیولز پر مشتمل ہوگا۔منصوبے پر دو ارب پینتالیس کروڑ سولہ لاکھ نوے ہزار روپے لاگت آئے گی۔ پارکنگ پلازہ میں 374 کاروں اور 790 موٹر سائیکلوں کی گنجائش ہوگی،جبکہ سیوریج، واٹر سپلائی، لیسکو اور دیگر تمام یوٹیلیٹی سروسز کی ریفربشمنٹ اور شفٹنگ بھی منصوبے میں شامل ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہ پارکنگ پلازہ میو ہسپتال، کنگ ایڈورڈ، انارکلی بازار، جی پی او، پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس، مال روڈ،بینکنگ کورٹ، پارک ٹی ہائوس، اورنج لائن جی پی او سٹیشن سمیت تمام ملحقہ علاقوں میں آنے والوں کو پارکنگ کی مکمل سہولت فراہم کرے گا۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین قریشی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے نیلا گنبد اور ملحقہ علاقوں میں پارکنگ کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔