2026، اساتذہ کیلئے لائسنس لازمی

آئندہ سال سے اطلاق کیا جائے گا ،کنٹریکٹ میں اضافہ بھی صرف لائسنس یافتہ اساتذہ کو دیا جائے گا
 لاہور(کرائم رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن نے سال 2026 سے اساتذہ کے لیے لائسنسنگ کے اجرا کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت سرکاری اور پرائیویٹ دونوں طرح کے اساتذہ کے لیے تدریس کے لیے لائسنس لینا لازمی ہوگا۔محکمہ نے بتایا کہ ٹیچرلائسنس کی سمری منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو بھجوائی جائے گی۔ اساتذہ کے لیے لائسنسنگ سسٹم کے تحت ٹیسٹ دینا لازمی ہوگا اور صرف ٹیسٹ پاس کرنے والے ہی تدریسی لائسنس حاصل کر سکیں گے۔عارضی اساتذہ کے کنٹریکٹ میں اضافہ بھی صرف لائسنس یافتہ افراد کو دیا جائے گا۔ ٹیچنگ لائسنس کے ٹیسٹ کی ذمہ داری پاکستان ایجوکیشن کمیشن (پی ای سی) کے ذمے ہوگی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق یہ قدم تدریسی معیار بہتر بنانے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ اہلیت کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف تدریسی معیار بلند ہوگا بلکہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔