چینی ڈیلرز کیلئے لائسنس لازمی قرار

 کوٹہ مانگنے والوں کے کوائف طلب،ڈی سی کولائسنس کی درخواست دینا ہو گی ،ضلعی انتظامیہ کا نیا فارمولا 
لاہور (کرائم رپورٹر )چینی کی وافر فراہمی و دستیابی کیلئے ضلعی انتظامیہ کا نیا فارمولہ تیار، ڈیلرز کیلئے چینی کا حصول آسان بنانے کیلئے نئی پالیسی متعارف کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق چینی بحران کا واویلا مچانے والوں کیلئے ضلعی انتظامیہ نے نیا فارمولہ تیار کر لیا ،چینی کوٹہ مانگنے والوں کے کوائف مانگ کر رجسٹریشن کی پالیسی بنا لی گئی۔ضلعی انتظامیہ نے چینی رجسٹریشن فام تیار کر لیا ،چینی کے لائسنس حصول کیلئے ڈپٹی کمشنر کے نام درخواست لکھنا ہو گی جس کیساتھ ڈی سی آفس سے فراہم کردہ فارم بھی پر کرنا ہو گا۔فارم کیساتھ شناختی کارڈ کی کاپی، دو پاسپورٹ سائز تصاویر دینا ہوں گی ،1200 روپے مالیت کے سٹامپ پیپر پر پہلے لائسنس کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔ این ٹی این نمبر، ٹیکس رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، دکان کا لیٹر ہیڈ درکار ہو گا، مکمل پتے کے ساتھ گودام کی تصویر اور ذخیرہ کی استعداد بھی لکھنا ہو گی۔درکار دستاویزات کے ساتھ درخواست جمع کروانے پر ایک ہفتے میں لائسنس وصول کیا جا سکے گا۔سوا کروڑ آبادی کے شہر میں فی الوقت چینی کے محض 162 لائسنس یافتہ ڈیلرہیں۔ نئی پالیسی متعارف ہونے پر مزید ڈیلر چینی کا لائسنس لے سکیں گے۔ لائسنسوں کے اجرا کا مقصد شہر میں چینی کی وافر دستیابی یقینی بنانا ہے۔ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق لائسنسوں کے اجرا سے سرکاری نرخ پر چینی کی دستیابی مزید آسان ہو گی۔