تمام لائسنس ہولڈرز 10 روز میں تھانے میں اسلحہ رجسٹر کرائیں، بصورت دیگر لائسنس منسوخ ، گرفتاری اور ہتھیار ضبط کرنے کی کارروائی کی جائے گی
مظفر آباد (آئی این پی )آزاد جموں و کشمیر میں اسلحہ لائسنس رکھنے والے تمام افراد کے لئے اپنے ہتھیاروں کی پولیس اسٹیشن میں رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی۔مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کرانے والے لائسنس منسوخ تصور ہوں گے جبکہ بغیر رجسٹریشن اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف گرفتاری اور ہتھیار ضبط کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ داخلہ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں رہائش پذیر تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز، خواہ ان کے لائسنس کسی بھی مقام سے جاری کیے گئے ہوں، اپنے اسلحہ لائسنس فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن میں رجسٹر کروائیں۔محکمہ داخلہ کے مطابق متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او یا نامزد نمائندہ اسلحہ لائسنس کی تفصیلات درج کرکے متعلقہ شخص کو رجسٹریشن سلپ جاری کرے گا۔ اس عمل کے ذریعے آزاد کشمیر میں اسلحہ لائسنس رکھنے والے افراد کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشنز کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر اسلحہ لائسنس کی مصدقہ فہرستیں متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی)کو ارسال کی جائیں گی تاکہ رجسٹریشن کے عمل کی نگرانی اور ریکارڈ کی تصدیق یقینی بنائی جا سکے۔محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے 10 روز کے اندر رجسٹریشن نہ کروانے والے تمام اسلحہ لائسنس منسوخ تصور ہوں گے۔ اس کے علاوہ بغیر رجسٹریشن ہتھیار رکھنے والے افراد کے خلاف فوری گرفتاری اور اسلحہ ضبط کرنے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ داخلہ آزاد جموں و کشمیر کے مطابق یہ خصوصی ہدایات علاقے میں غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال اور ان کی رسد روکنے کے لئے جاری کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اسلحہ رکھنے والے افراد کا مستند ریکارڈ مرتب کرنا اور غیر قانونی اسلحے کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرنا ہے۔حکام نے تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لئیمقررہ مدت کے اندر اپنے لائسنس کی رجسٹریشن مکمل کروائیں۔