محکمہ موسمیات کا اہم اعلان: کہاں کہاں بارش کا امکان ہے؟

محکمہ موسمیات کا اہم اعلان: کہاں کہاں بارش کا امکان ہے؟

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ آج بھی مختلف حصوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں صبح سویرے سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، جس سے موسم خوشگوار مگر مرطوب رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے، اور ہوائیں 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آج بھی لاہور میں 40 سے 50 فیصد تک بارش کا امکان ہے، جبکہ دن بھر بادل اور سورج کا کھیل جاری رہے گا۔کراچی میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہرقائد کا درجہ حرارت 33 ڈگری تک رہنے کا اندازہ ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق، دریائے سندھ کے گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دیگر دریا اپنے ہیڈ ورکس پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں جی سکس، ایف سکس، جی سیون، ایف سیون، آئی ایٹ، ایف ٹین، بنی گالہ، راول چوک اور بہارہ کہو میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، مگر نشیبی علاقے پانی جمع ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ راولپنڈی کے فیض آباد، ڈبل روڈ، شمس آباد، سکس روڈ، کھنہ پل اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، اور محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں میں نکاسی آب یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔بنوں اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس رہے ہیں، اور محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔