اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں حالیہ دنوں سے سخت سردی کی لہر جاری ہے، جس کے سبب دن اور رات کے درجہ حرارت میں واضح فرق ہے۔
بارش نہ ہونے کی وجہ سے فضا خشک اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر وائرل بیماریوں کا سامنا ہے۔ڈاکٹر محمد ندیم کے مطابق، خشک موسم میں ناک اور گلے کی جھلیاں سوکھ جاتی ہیں، جس سے وائرس اور بیکٹیریا جلد داخل ہو سکتے ہیں۔ بچے، بزرگ اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے فضا میں آلودگی اور مٹی کے ذرات بڑھ گئے ہیں، جو پھیپھڑوں کے انفیکشن، دمے کے حملے اور الرجیز کا سبب بن رہے ہیں۔
انہوں نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دی ہے، جن میں گرم کپڑے پہننا، ماسک استعمال کرنا، گرم مشروبات کا استعمال، اور ہاتھوں کی صفائی شامل ہے۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں موسم میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں، اور موسم خشک اور سرد ہی رہنے کا امکان ہے۔