روس کو نیا امن فریم ورک موصول، آئندہ ہفتے ماسکو میں اہم مذاکرات

 ماسکو( آن لائن )روس نے تصدیق کی ہے کہ اسے امریکہ اور یوکرین کی جانب سے جنگ کے خاتمے سے متعلق ایک ‘‘تازہ اور جامع امن فریم ورک’’ موصول ہوا ہے، جس پر آئندہ ہفتے ماسکو میں بات چیت کی جائے گی۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ جنیوا میں امریکہ اور یوکرین کے درمیان زیرِ غور مسودہ امن تجاویز مستقبل میں کسی معاہدے کی بنیاد بن سکتی ہیں، تاہم اگر اتفاق نہ ہوا تو روس جنگ جاری رکھے گا۔جمعہ کے روز کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے تصدیق کی کہ تجاویز روس کو موصول ہو چکی ہیں اور ان پر آئندہ ہفتے ماسکو میں باضابطہ گفتگو ہوگی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف آئندہ ہفتے ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر پیوٹن کے ساتھ ان تجاویز پر بات چیت کریں گے۔ کریملن کا کہنا ہے کہ ملاقات کی تاریخ جلد میڈیا کو بتائی جائے گی۔روسی-یوکرین جنگ پر کوئی پیش رفت عالمی سطح پر انتہائی اہمیت رکھتی ہے، خصوصاً ایک ایسے وقت میں جب جنگ کے اثرات یورپ اور عالمی معیشت پر گہرے ہو چکے ہیں۔