اس دورے کیلئے بے حد پرعزم ہیں کیوں کہ یہ پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے:پوپ
انقرہ (آئی این پی)کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو چہار دہم اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز کرتے ہوئے ترکیہ پہنچ گئے، جہاں وہ مسیحی مسلم مکالمے اور مشرقِ وسطی میں امن کے فروغ پر توجہ دینے کیلئے تاریخی دورہ کر رہے ہیں۔پوپ لیو چہار دہم کے 6 روزہ دورے میں لبنان کا سفر بھی شامل ہے۔ یہ دورہ ان کے مئی میں پوپ منتخب ہونے کے بعد پہلا بین الاقوامی سفر ہے۔ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے ایژن بوغا ایئرپورٹ پر پوپ کا سرکاری اعزاز اور فوجی سلامی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ اس دورے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہ نیسیا کی کونسل کی 1700 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے، جس نے تاریخی نائسین کریڈ تشکیل دیا تھا۔قبل ازیں طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو چہار دہم نے کہا کہ وہ اس دورے کیلئے بے حد پرعزم ہیں کیوں کہ یہ نہ صرف مسیحیوں کیلئے اہم ہے بلکہ پوری دنیا کے لیے امن اور وحدت کا پیغام ہے۔ انہوں نے اس سفر کو تاریخی لمحہ قرار دیا۔شکرگزاری کے امریکی تہوار (تھینکس گیونگ ڈے) کے موقع پر پوپ نے صحافیوں سے ملاقات کی اور روایتی تحائف بھی موصول کیے۔پوپ کے شیڈول میں ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات، آرتھوڈوکس مسیحی رہنمائو ں اور دیگر مذاہبی شخصیات سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں