بالی ووڈ کی مشہور ڈانسر اور اداکارہ ملائکہ اروڑہ نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں ایک نیا ریسٹورنٹ "اسکارلٹ ہاؤس" کھول لیا ہے۔
یہ ریسٹورنٹ 90 سال پرانے پرتگالی طرز کے گھر میں قائم کیا گیا ہے۔ ملائکہ نے اس کاروباری منصوبے کی شروعات اپنے بیٹے ارحان خان، دوست ملایا ناگپال اور ہوٹل منیجمنٹ کے ماہر دھول ادیشی کے ساتھ مل کر کی ہے۔ملائکہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس نئے ریسٹورنٹ کا اعلان ایک تصویر کے ذریعے کیا، جس میں وہ اور ارحان خان ایک جیسی سیاہ جیکٹس پہنے ہوئے تھے، جن پر "اسکارلٹ ہاؤس" لکھا تھا۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا، "پہلی بار ایک ساتھ تعاون کرتے ہوئے"۔
انسٹاگرام پر ملائکہ کو ان کے دوستوں اور خاندان کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ کرینہ کپور نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ملائکہ اور ارحان کو مبارکباد دی اور لکھا، "مبارک ہو ملا اور ارحان، یہاں کھانے کے لیے آنے کا انتظار نہیں کر سکتی۔"ایک بھارتی میڈیا انٹرویو میں ملائکہ نے بتایا کہ انہوں نے اس ریسٹورنٹ کے ذریعے ایک ایسا ماحول تخلیق کرنے کی کوشش کی ہے جہاں لوگ آرام سے بیٹھ کر کھانا کھا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھانے اور مہمان نوازی کا شوق ہی تھا جس نے انہیں اور ارحان کو اس منصوبے پر کام کرنے کی تحریک دی۔