سلمان اکرم راجہ،حامد رضا پارٹی عہدوں سے مستعفی

 ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے پر مزید کام نہیں کر سکتا، سلمان راجہ ،حامد رضا کا قومی اسمبلی سے بھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے تحریک انصاف کی سیاسی اور کور کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے مستعفی ہونے سے متعلق چیئرمین بیرسٹر گوہر علی کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے پر مزید کام نہیں کر سکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا، بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم کو کام جاری رکھنے کا کہا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ نہ بانی نے، نہ کسی اور نے آپ سے استعفیٰ کا تقاضا کیا، میں خود بھی مستعفی نہیں ہو رہا، ذرائع کے مطابق پارٹی نے بھی سلمان اکرم راجہ کو استعفیٰ دینے سے منع کیا ہے۔سلمان اکرم راجہ کے استعفیٰ کی حتمی منظوری بانی پی ٹی آئی دیں گے، سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ منظوری کیلئے بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھا جائیگا۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اور کور کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کے مطابق 24 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر پارٹی تنقید اور اختلافات کے باعث صاحبزادہ حامد رضا نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ حامد رضانے قومی اسمبلی سے بھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، حامد رضا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد قومی اسمبلی سے استعفیٰ پیش کریں گے۔