جی ایچ کیو حملہ :عمران خان ودیگرپر فرد جرم چوتھی بار موخر

   مزید 10 ملزموں نے عدم ثبوت کی بنیاد پر بریت کی درخواستیں دائر کر دیں
 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس :بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰکے خلاف کیس کی سماعت ملتوی 
راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم چوتھی بار موخر ہوگئی۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نیکیس کی سماعت کی، کیس میں مزید 10 ملزموں نے عدم ثبوت کی بنیاد پر بریت کی درخواستیں دائر کر دیں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد عدالت سے حاضری کے بعد واپس روانہ ہو گئے جبکہ تمام ملزموں پر عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔کیس میں عمران خان سمیت 143 سے زائد ملزم نامزد ہیں جبکہ ذوالفقار بخاری، شہباز گل سمیت 23 ملزم اشتہاری ہیں۔ادھر احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا کی عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کے خلاف190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روزاڈیالہ جیل سماعت کرناتھی لیکن فاضل عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث کوئی کاروائی نہ ہوسکی، جبکہ مسلسل عدم پیشی پر جاری بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ریفرنس پر مزید سماعت2 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔