ویب ڈیسک: معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں وہ آئس باتھ لیتے ہوئے اس کے فوائد پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
ویڈیو میں علی ظفر نے کہا کہ آئس باتھ کا تجربہ بے مثال ہے اور یہ اسٹریس، اینزائٹی، ڈپریشن اور دیگر کئی مسائل کے علاج میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔علی ظفر نے اس بات کو اجاگر کیا کہ آئس باتھ کا باقاعدہ استعمال جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے بہت مفید ہے، اور اس کے فوائد بے شمار ہیں۔ ان کے اس پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے گئے۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ آئس باتھ کے دوران اتنی ٹھنڈ لگتی ہے کہ ٹینشن کا خیال ہی نہیں آتا، جب کہ دوسرے نے لکھا کہ ڈپریشن بھگاتے بھگاتے کہیں نمونیا نہ ہو جائے۔
ایک اور صارف نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ لوگ آئس باتھ کیسے کر لیتے ہیں؟ کیونکہ اسے دیکھ کر ہی سردی محسوس ہو رہی ہے۔اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر صارفین کے درمیان ہنسی مذاق اور تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور آئس باتھ کے فوائد کے بارے میں آگاہی بڑھائی ہے۔