وزیرِ اعظم شہباز شریف تاجکستان کے دوشنبے پہنچ کر دو روزہ دورے کا آغاز کر دیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف تاجکستان کے دوشنبے پہنچ کر دو روزہ دورے کا آغاز کر دیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

 ایئرپورٹ پر تاجک وزیرِ اعظم کوخر رسول زودہ اور تاجک نائب وزیرِ خارجہ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور معاونِ خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔اس دو روزہ دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف تاجک صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوگی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف اس موقع پر بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کریں گے۔علاوہ ازیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف دوشنبے میں منعقدہ ایک اہم کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جہاں علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کے مختلف موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔

 اس دورے کا مقصد پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت دینا ہے۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیے اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد کی شرکت سے توقع کی جا رہی ہے کہ تاجکستان کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقائی مسائل پر مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی۔