لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف ٹریفک اصلاحات کے لئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم فالو اپ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی آئی ٹی، ڈی آئی جی ٹریفک/ پی ایچ پی، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈی پی او سیالکوٹ، ایس ایس پی ٹریفک، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی ایڈمن اجلاس میں موجود تھے جبکہ تمام سی پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران اور آر اوز پی ایچ پی نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ٹریفک پولیس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے سی ٹی اوز، ڈی پی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران اور ریجنل پی ایچ پی افسران کو چیف منسٹر کے ٹاسک بارے آگاہ کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے افسران کو ٹریفک حادثات بتدریج 25 فیصد تک نیچے لانے کا ٹارگٹ دے دیا۔ آئی جی پنجاب نے ای چالاننگ ٹریفک انفورسمنٹ کا مرکزی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی ٹریفک پولیس اور پی ایچ پی کو سنٹرل نیٹ ورک سرویلنس سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ ٹریفک افسران کو باڈی کیم فراہم کئے جا رہے ہیں، چالانوں کا ویڈیو و تصویری ثبوت دستیاب ہو گا۔ روڈز انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لئے 1400 پوائنٹس کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تجاوزات بھی ختم کروائیں۔