چین کی روس کو اسلحہ فراہم کرنے کے یوکرینی الزامات کی سختی سے تردید

 الزامات بے بنیاد اور سیاسی مفروضوں پرمبنی،ہم جنگ بندی کے لیے کوشاں ہیں،ترجمان وزارت خارجہ 
بیجنگ (آئی این پی )چین کی وزارت خارجہ نے یوکرین کی جانب سے عائد کیے گئے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ چین روس کو مہلک ہتھیار، خصوصی کیمیائی اشیاء، گن پائوڈر اور دفاعی صنعت کے اجزاء فراہم کر رہا ہے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان مائو نِنگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یوکرینی انٹیلی جنس کے سربراہ اولیگ اِیواشچینکو کے حالیہ بیان پر ردعمل دیا ۔ چینی ترجمان مائو نِنگ نے ان الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی مفروضوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا، چین کی پوزیشن یوکرین جنگ کے حوالے سے ہمیشہ سے واضح اور مستقل رہی ہے۔ ہم جنگ بندی کے قیام اور امن مذاکرات کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ چین نے کبھی کسی فریق کو مہلک ہتھیار فراہم نہیں کیے اور دوہرے استعمال کی اشیاء پر سخت کنٹرول رکھا ہے۔