وزیراعظم کا امیرِ قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، عیدالفطر کی مبارکباد

وزیراعظم کا امیرِ قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، عیدالفطر کی مبارکباد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے خوشی کے موقع پر دلی مبارکباد دی۔

 وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم اور امیر قطر نے عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِ اعظم نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے امیر قطر کی بھرپور کوششوں اور مؤثر کردار کی تعریف کی۔امیر قطر نے عید کی مبارکباد کو قبول کیا اور پاکستان کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کے قطر کے دورے کے دوران منظر آرٹ گیلری کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

قطری امیر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ عید کے فوراً بعد قطری حکام کا ایک اعلی سطحی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔وزیرِ اعظم نے لاہور میں پاکستان-قطر ثقافتی تعلقات پر ایک نمائش کے انعقاد کی تجویز دی، جسے امیر قطر نے خوش دلی سے قبول کیا۔ وزیرِ اعظم نے قطر کے امیر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔