مراکش کشتی حادثے میں بچ جانے والا گجرانوالہ کا نوجوان عامر علی وطن واپس پہنچا

مراکش کشتی حادثے میں بچ جانے والا گجرانوالہ کا نوجوان عامر علی وطن واپس پہنچا

گجرانوالہ (ویب ڈیسک): مراکش میں کشتی کے حادثے میں بچ جانے والا گجرانوالہ کا رہائشی نوجوان عامر علی گھر واپس پہنچ گیا ہے۔

 عامر علی نے اپنے سفر کی تکالیف کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ چھ ماہ قبل اسپین جانے کے لیے گھر سے روانہ ہوا تھا، لیکن اس کا سفر انتہائی خطرناک اور تکلیف دہ ثابت ہوا۔عامر علی کے مطابق وہ پہلے جہاز کے ذریعے لیبیا پہنچا، پھر وہاں سے ٹیکسیوں کے ذریعے ماریطانیہ اور سینیگال تک پہنچا، جہاں سے اسے ایک کشتی میں سوار کیا گیا۔ کشتی میں 40 افراد کی گنجائش تھی، لیکن 86 افراد کو اس میں سوار کیا گیا تھا۔ عامر نے بتایا کہ کشتی 13 دن تک سمندر میں رہی اور اس دوران اسمگلرز نے مزید پیسے مانگے۔ ان کے ایجنٹوں نے پیسے ادا نہ کیے جس کے باعث اسمگلرز نے ان پر تشدد کیا۔عامر علی نے بتایا کہ انہیں ہتھوڑیوں سے مارا گیا جس کے نتیجے میں ان کے جسم پر شدید زخم آئے اور ان کے پاؤں ابھی تک زخمی ہیں، جس کی وجہ سے وہ ٹھیک سے چل نہیں پاتے۔

عامر نے مزید کہا کہ وہ اس واقعے کا احوال نہیں دے سکتے کیونکہ وہ خوفناک مناظر ابھی تک ذہن میں تازہ ہیں۔عامر نے مراکش کے باشندوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں اور دیگر مسافروں کو بچایا، اور کہا کہ ایجنٹوں کو سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ کوئی بھی نوجوان غیر قانونی طریقے اختیار کرنے کی کوشش نہ کرے۔ اس کے علاوہ، عامر نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 2 ہزار نوجوان سیف ہاوسز میں موجود ہیں جو آگے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔