کوئٹہ: مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ، شہر کا بڑا حصہ گیس سے محروم

کوئٹہ: مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ، شہر کا بڑا حصہ گیس سے محروم

کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے قریب گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں شہر کے بڑے حصے میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور گیس پائپ لائن میں بھڑک اُٹھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ فائر بریگیڈ انچارج کے مطابق، آگ کو بجھانے کے بعد مرمت کا کام شروع کر دیا گیا تاکہ گیس کی فراہمی دوبارہ بحال کی جا سکے۔دھماکے کے بعد، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ابتدائی طور پر یہ کہا جا رہا ہے کہ دھماکہ تخریب کاری کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔کوئٹہ میں اس دھماکے سے گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو جلد معمول پر لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔