شہریوں کی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس کی عدم فراہمی، قبضہ میں تاخیر اور ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے سے متعلق شکایات
لاہور(شہزاد راجپوت ) قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں گرینڈ ایونیو، پالم سٹی، نیو لاہور سٹی اور دیگرکے متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ متاثرین نے اپنی شکایات ڈی جی نیب احترام ڈارکے سامنے پیش کیں اور انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔کھلی کچہری میں شریک افراد نے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس کی عدم فراہمی، قبضہ میں تاخیر، اور ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے سے متعلق شکایات درج کروائیں۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے سالوں پہلے اپنی جمع پونجی لگا کر پلاٹس خریدے تھے لیکن آج تک ان کے حقوق محفوظ نہیں ہو سکے۔ڈی جی نیب نے متاثرین کے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ڈی جی نیب کا کہنا تھا کہ وہ تمام قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کریں گے۔نیب حکام نے کہا کہ عوام کی شکایات کے پیش نظر پہلے ہی مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی مزید اقدامات کیے جائیں گے۔کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے افراد نے نیب کے اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ جعلی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت ایکشن لیں تاکہ مزید شہری دھوکا دہی کا شکار نہ ہوں۔