بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں:شہری‘مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے:محمد احترام ڈار
لاہور(رپورٹ: شہزاد راجپوت) قومی احتساب بیورو لاہور میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی جی نیب لاہور محمد احترام ڈار نے شہریوں کے مسائل خود سنے اور انہیں جلد انصاف دلانے کی یقین دہانی کروائی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رو زنیب دفتر لاہور میں ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے عوام کی مدد کے لیے کھلی کچہری منعقد کی گئی جس میں مختلف شہروں سے عوام کی بڑی تعدادنے ہائوسنگ سوسائٹیز مالکان کے خلاف شکایات درج کروائی۔ڈی جی محمد احترام ڈار نے شہریوں کی یکے بعد دیگرے شکایات سنئیں اور موقع پر ہی شہریوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والے سوسائٹی مالکان کے خلاف احکامات جاری کیے۔شہریوں کا کہنا تھا انہیں پلاٹوں کی بروقت فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے وعدوں کے برعکس سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ڈی جی نیب نے سائلین کو یقین دلایا ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور نیب کی ٹیم جلد ان معاملات کی تحقیقات مکمل کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی اگلے ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر ہاؤسنگ سوسائٹیز کے معاملات پر ورکنگ شروع کی جائے تاکہ عوام کو ان کے حقوق دلانے میں مزید تاخیر نہ ہو۔کھلی کچہری میں موجود شہریوں نے نیب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی نیب کے اقدامات سے ہاؤسنگ سیکٹر میں بہتری آئے گی اور ان کے مسائل حل ہوں گے۔