حملہ آوروں سے کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،ڈی پی او
کے پی پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، وفاقی وزیر داخلہ کا خراج تحسین پیش
لکی مروت؍اسلام آباد (آئی این پی ) خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں تھانہ ڈڈیوالہ پردہشت گروں نے حملہ کردیا تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ سے حملہ پسپا کردیا،حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈی پی اور محمد جواد اسحاق نے کہا کہ حملہ آوروں سے کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم دہشت گردوں کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثنا ء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں دہشتگردوں کاحملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے پی پولیس کے دلیر جوانوں نے بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور پولیس نے جرات سے دہشت گردوں کو مار بھگایا اور مذموم عزائم خاک میں ملائے۔جاری بیان کے مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، دہشت گردوں کیخلاف پولیس جوان سیسہ پلائی دیوار بنے رہے اور حملہ پسپا کیا، حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوان شاباشی کے مستحق ہیں۔