شاہ طورہ تختی خیل چوکی پر حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے ،علاقے میں سرچ آپریشن شروع
لکی مروت (آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس چوکی شاہ طورہ تختی خیل پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق شاہ طورہ تختی خیل پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔لکی مروت پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے جدید غیرملکی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا۔پولیس کے مطابق ایم فور رائفل اور ایک 9 ایم ایم پستول قبضے میں لے لیا گیا، آئی جی خیبرپختونخوا نے پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔آئی جی کے پی نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے پر جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلے بلند ہیں۔