میانمار میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1002 تک پہنچ گئی، زخمیوں کی تعداد 2400 سے تجاوز

میانمار میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1002 تک پہنچ گئی، زخمیوں کی تعداد 2400 سے تجاوز

 میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز میانمار میں آنے والے اس طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ اب تک 1002 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 2400 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو ٹیمیں ملبے میں دبے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا عمل بھی بدستور جاری ہے۔سب سے زیادہ ہلاکتیں میانمار کے شہر منڈالے میں ہوئیں جہاں 694 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس شہر میں کئی عمارتوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔زلزلے کے جھٹکے میانمار کے علاوہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں کئی فلک بوس عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور وہ ملبے میں تبدیل ہوگئیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے میانمار اور تھائی لینڈ میں پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے اپنے سفارتخانوں کو ہنگامی صورتحال کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔ پاکستانی سفارتخانے یانگون اور بینکاک میں ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں اور کرائسز منیجمنٹ یونٹ فعال کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں، وزارت خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی فوری مدد کے لیے رابطے کے نمبرز بھی جاری کیے ہیں تاکہ ضرورت مند افراد آسانی سے مدد حاصل کر سکیں۔یہ زلزلہ میانمار کے شہر منڈالے میں سب سے زیادہ تباہی کا باعث بنا، جس میں جانی اور مالی نقصان کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔